عمران خان این اے 45 کا ضمنی الیکشن لڑسکیں گے یا نہیں؟ سوال اٹھ گئے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد یہ سوالات اٹھ گئے ہیں کہ وہ این اے 45 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لے سکیں گے یا نہیں۔

کرم میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 پر 30 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہونا ہے۔ اس حلقے میں بھی تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان ہی امیدوار ہیں۔

توشہ خانہ ریفرنس پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد سوالات کھڑے ہوگئے ہیں کہ عمران خان ضمنی الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں یا نہیں؟

اس حوالے سے رہنمائی کے لیے کرم کے ضلعی الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو خط میں لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن عمران خان کے خلاف اکیس اکتوبر کو فیصلہ دے چکا ہے۔ بتایا جائے کہ کیا اب عمران خان ضمنی الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں یا نہیں۔

الیکشن کمیشن نے مشاورت کے بعد قانونی نکتے پرجواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم کا مشاورتی اجلاس پیر کو طلب کیا گیا ہے۔ قانونی ٹیم آئینی سوالات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے گی۔