عمران خان نے توشہ خانہ سے کون کون سے تحائف کس قیمت میں لئے؟

عمران خان نے توشہ خانہ سے کروڑوں کا سامان کوڑی کے داموں خریدا اور متعدد سامان مفت اٹھا کر لے گئے، جن کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

’’صاف چلی شفاف چلی‘‘ کا نعرہ لگانے والے کپتان نے اپنے دور حکومت میں توشہ خانہ پر خوب ہاتھ صاف کئے، کروڑوں روپے کی قیمتی گھڑیاں اور لاکھوں روپے مالیت کی انگوٹھیاں انتہائی معمولی قیمت پر لے کر بیچ ڈالیں، جب کہ 8 لاکھ روپے کے تحائف تو مفت میں ہی ہتھیا لیے۔

’’مال مفت دل بے رحم‘‘ کا مصداق تحریک انصاف کے دورِحکومت میں عمران خان نے کروڑوں کی گھڑیوں، انگوٹھیوں پر ہاتھ صاف کئے، اور ساڑھے 8 کروڑ کی گریف گھڑی ایک کروڑ70 لاکھ میں ہتھیائی، 15لاکھ کی رولیکس گھڑی 2 لاکھ 49 ہزار ادا کرکے لے لی گئی۔

عمران خان کی جانب سے 56 لاکھ کے کف لنکس اور 87 لاکھ کی انگوٹھی 20 فیصد ادائیگی پر لی گئی، اس کے علاوہ کپتان نے توشہ خانہ سے 8 لاکھ روپے کے تحائف مفت میں ہی رکھ لیے۔

عمران خان نے توشہ خانہ سے ٹی سیٹ، لاکٹ، ٹیبل واچ، پرفیومز تک کو بھی نہ بخشا اور گھر لے گئے۔ ان میں ساڑھے3 ہزار روپے کا ٹی سیٹ، 30 ہزار کا ٹیبل میٹ، 30 ہزار کا لاکٹ، ساڑھے 3 ہزار کی ٹیبل واچ، کارڈ ہولڈر، پیپرویٹ اور 30 ہزار کے پرفیومز اورعود کی لکڑی شامل ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک لاکھ 14 ہزار روپے مالیت کے مخلتف اقسام کے گلدانوں اور ایک لاکھ 11 ہزار روپے مالیت کے 6 وال ہینگنگز کی بھی کوئی قیمت ادا نہ کی، 2 لاکھ 18 ہزار روپے کے 12 ڈیکوریشن پیس بھی سابق وزیراعظم کوئی پائی دئیے بغیرگھرلئے گئے۔

توشہ خانے سے مفت اٹھائے گئے سامان میں ایک لاکھ 33 ہزار روپے مالیت کے 6 قالین بھی شامل ہیں، 5،5 ہزار کے دو خطاطی کے فن پارے، ٹرک کا ماڈل، 20 ہزار کا لاکٹ اور 5 ہزار کا لیڈیز بیگ بھی مفت میں لیا گیا۔

عمران خان نے 20 ہزار روپے مالیت کے خانہ کعبہ کے ماڈل، 6 ہزار کے بیت اللہ کی چابی والے ماڈل، 25 ہزار مالیت کے مکہ کلاک ٹاور ماڈل کے علاوہ کھجوروں، 2 جائے نماز، 2 تسبیح اور 6 بوتل شہد پر کی بھی ادائیگی نہیں کی گئی جن کی مالیت 29 ہزار 700 روپے ہے۔

چیئرمین نے ساڑھے 7 ہزار روپے مالیت کے سری لنکا سے آئے قیمتی پتھر اور تسبیح، 27 ہزار کا شطرنج بورڈ اور 22 ہزار روپے کا نادر پیالہ کی بھی کوئی رقم نہیں دی۔

عمران خان نے 14کروڑ 20 لاکھ مالیت کے تحائف کے بدلے صرف 3 کروڑ81 لاکھ ادا کئے، جب کہ قیمتی گھڑیوں، پرفیومز، مردانہ و زنانہ کپڑوں، زیورات اور دیگر تحائف سے بھرے چھ صندوق جن کی مالیت 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد تھی، اِن تحائف میں سے ایک عمران خان جب کہ باقی تمام سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو دئیے گئے۔

عمران خان کی جانب سے 38 لاکھ قیمت کی رولیکس گھڑی کے صرف 7 لاکھ 54 ہزار اور 19 لاکھ کی گھڑی کے 9 لاکھ روپے دئیے گئے، جب کہ 17 لاکھ 23 ہزار روپے کی دیگر رولیکس گھڑیاں، آئی فون، مردانہ کپڑے، قیمتی پرفیومز اور والٹس کے صرف 3 لاکھ 38 ہزار 600 روپے ادا کیے گئے۔

عمران خان نے 32ہزارروپے کا قالین صرف ایک ہزارروپے میں، ایک لاکھ 10 ہزار مالیت والا ڈنر سیٹ 40 ہزار روپے، جب کہ ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا ڈنر سیٹ 45 ہزار دے کر اپنے پاس رکھ لیا۔