راولپنڈی:2 روز قبل اغوا ہونے والی بچی بازیاب،اغوا کار گرفتار

راولپنڈی سے دو روز قبل اغوا ہونے والی بچی قریبی محلے کے ایک گھر سے بازیاب کرا لی گئی۔

سی پی او شہزاد ندیم بخاری کا کہنا ہے کہ اغوا کار خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے، تفتیش کر رہے ہیں کہ ملزمہ کسی بڑے اغوا کار گروہ کا حصہ تو نہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق دو سالہ فرشتہ کو ملزمہ نے اس وقت اغوا کیا جب وہ صادق آباد کے علاقے نورا وڈ پر اپنی 7 سالہ کزن کیساتھ گھر کے باہر موجود تھی۔

پولیس نے ہیومن انٹیلیجنس اور سی سی ٹی فوٹیج کی مدد سے آپریشن کیا تو بچی قریبی محلے کے ہی ایک گھر سے مل گئی۔ پولیس نے ملزمہ کا سارا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا۔

پولیس کے مطابق اغوا کار خاتون نے چند دن پہلے ہی علاقے میں مکان کرائے پر لیا تھا۔