راولپنڈی کی لال حویلی 7 روز میں خالی کرنے کا حکم

متروکہ وقف املاک نے راولپنڈی کی لال حویلی سات روز میں خالی کرنے کا حکم دے دیا۔

راولپنڈی کی معروف اور شیخ رشید کی وجہ سے مشہور لال حویلی کو 7 روز میں خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، اور اس حوالے سے متروکہ وقف املاک نے شیخ رشید کے بھائی کو نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کی طرف سے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے بھائی کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیا گیا تھا مگر آپ پیش ہوئے نہ بقایا جات ادا کئے۔ اس لئے 7 روز تک خود عمارت خالی کردیں ورنہ پولیس کے ذریعے بے دخل کرایا جائے گا۔

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے شیخ صدیق کو نوٹس 11 اکتوبر کو جاری کیا تھا، اور انہیں 19 اکتوبر تک لال حویلی خالی کرنے کا کہا تھا۔

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے پولیس فراہم کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو بھی خط لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کچھ افراد نے متروکہ وقف املاک کی اراضی پر قبضہ کررکھا ہے۔

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے خط میں لکھا ہے کہ قابضین سے 19 اکتوبر کو اراضی کا قبضہ چھڑانا ہے، متعلقہ تھانے کو مناسب نفری فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے۔

واضح رہے کہ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر راولپنڈی نے 26 ستمبر کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔