حکومت نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی

حکومت نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

عمران خان کے احتجاج اور لانگ مارچ روکنے کیلئے حکومت سپريم کورٹ پہنچ گئی، اور اس حوالے سے وزارت داخلہ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے۔

درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور احتجاج کے اعلانات کررہے ہیں، اور وہ سپریم کورٹ کے 25 مئی کے احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو پرامن احتجاج کی اجازت دے تھی، اور عمران خان ایک مرتبہ پھر اسلام آباد پر چڑھائی کے اعلانات کر رہے ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ عمران خان کے احتجاج اور دھرنے کے حوالے اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے۔