یکجہتی کشمیر” کے سلسلہ میں تقریبات کا آغاز

جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان) کی قیادت میں 3 فروری بروز جمعہ سے برطانیہ اور یورپ بھر کے ممالک میں ''ہفتہ یکجہتی کشمیر'' کے سلسلہ میں تقریبات کا آغاز ہو جائے گا۔

تحریک حق خودارادیت کے میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق”ہفتہ یکجہتی کشمیر“ کی افتتاحی تقریب برطانیہ کے شہر اولڈہم میں منعقد ہو گی جس میں آل پارلیمانی پارٹیز فرینڈز گروپ آف کشمیر کی چیئرپرسن ڈیبی ابراہمز ایم پی، سینئر وائس چیئرمین شیڈو منسٹر بیرسٹر عمران حسین ایم پی، چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر برطانیہ شیڈو منسٹر اینڈریو گوائن ایم پی، پروفیسر تقدیس گیلانی پارلیمانی سیکرٹری حکومت آزاد کشمیر، مسٹر طارق وزیر قونصل جنرل پاکستان مانچسٹر، مس زوبیہ خورشید راجہ یوتھ لیڈر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر اور دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی اور رائے عامہ و ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے نمائندگان شرکت کریں گے۔جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی ٹیم برطانیہ کے شہروں بریڈ فورڈ، برمنگھم اور لندن میں ”یوم یکجہتی کشمیر“ کے سلسلہ میں میٹنگز اور سیمینارز کے انعقاد کے ساتھ ساتھ آل پارٹیز انٹرنیشنل کشمیر رابطہ کمیٹی برطانیہ کے زیر اہتمام برمنگھم میں امن مارچ میں بھی شرکت کرے گی۔ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام برطانیہ کے تمام شہروں میں 9 فروری کو محمد افضل گورو شہید اور 11 فروری کو محمد مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر شہداء اور دیگر کشمیریوں جنہوں نے ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کی جدو جہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بھی تقریبات کا انعقاد کرے گی۔

جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین (ستارہ پاکستان) نے پاکستان اور آزاد کشمیر کا دورہ مکمل کر کے برطانیہ واپسی پر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے عہدے داران، اراکین، حامیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے اراکین سے رابطہ کیا تاکہ ان تمام سرگرمیوں میں کشمیریوں کی زیادہ زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو اُجاگر کرنے کے لیے ڈائیسپورہ کمیونٹی کی طرف سے کچھ نئے اقدامات کو منظم کیا جا سکے۔ تحریک حق خودارادیت کی ٹیم دیگر کشمیری تنظیموں کے تعاون سے برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ مختلف یورپی ممالک، امریکہ اور کینیڈا میں بھی میٹنگز کا انعقاد کرے گی۔ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت کی ٹیم فروری کے مہینے میں خواتین اور نوجوانوں کی تنظیموں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کی یونیورسٹیوں اور جموں کشمیر لبریشن کمیشن حکومت آزاد کشمیر کے تعاون سے متعدد تقریبات اور سیمنارز کا انعقد کرے گی۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تنظیم گزشتہ تیس سالوں سے کسی قسم سیاسی وابستگی سے ہٹ کر صرف ریاست جموں وکشمیر کے بنیادی حق خودارادیت کے لیے لابی مہم کا کام کررہی ہے اور اس جدوجہد میں ہمیں بھرپور کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں، اس وقت ہماری تنظیم کو اس مقصد کے لیے برطانیہ اور یورپ سے سینکڑوں ممبران پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح کی تقریبات کے انعقاد کا بنیادی مقصد رائے عامہ کو منظم کرنا ہے اور تحریک حق خودارادیت کی ٹیم اس سلسلہ میں تمام کاوشیں بروئے کار لائے گی۔

لندن برطانیہ(01-02-2023)