محسن نقوی نے بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب عہدے کا حلف اٹھا لیا

محسن نقوی نے بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمان نے محسن نقوی سے عہدے کا حلف لیا۔

گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار، سابق گورنرپنجاب چوہدری سرور سمیت سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کیں۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 2 گھںٹے طویل اجلاس کے بعد محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد سابق وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ کی طرف سے صوبے کے نگران وزیراعلیٰ کے لئے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز گئے تھے جبکہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے احد چیمہ اور محسن نقوی کے نام بھیجے۔

اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے تجویز کردہ ناموں پر اتفاق نہ ہونے کے بعد چاروں نام الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن کو آج رات 10 بجے تک فیصلہ کرنا تھا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف نے محسن نقوی کو نگراں وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا فیصلہ مسترد کردیا۔ ٹوئیٹر پیغام میں فواد چوہدری نے لکھا کہ اس نظام کے خلاف سڑکوں پر جدوجہد کےعلاوہ کوئی راستہ نہیں۔ کارکنان تیاری کریں، عمران خان کی قیادت میں بڑی مہم چلائیں گے۔

دوسری جانب رہنما ق لیگ چوہدری پرویزالہیٰ نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرری سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا۔

ٹویٹر پیغام میں چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا متنازع فیصلہ ہر اصول اور ضابطے کے خلاف ہے۔ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید لکھا کہ 25 لاکھ روپے کی پلی بارگین کرنیوالے شخص سے کیسے انصاف کی توقع ہوسکتی ہے۔