مریم نواز پر فرض ہے کہ وہ بتائے جمہوریت کیخلاف سازش کس نے کی، کیپٹن صفدر

رہنما مسلم لیگ ن کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا ہے کہ مریم نواز پر فرض ہے کہ وہ بتائے جمہوریت اور آئین کیخلاف سازش کس نے کی۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا کہ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز تشریف لارہی ہیں، ووٹ کو عزت دلوانے کا وقت آگیا ہے۔ ووٹ چوروں کا احتساب کرو ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی۔ کہا سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے پنجاب اور کے پی کے کی بیٹی کو ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا، کارکن بدلہ لینے ایئر پورٹ پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر روز الیکشن ہی کرواتے رہے، الیکشن ہمارے مسائل کا حل نہیں رہا، جنہوں نے ہمارے الیکشن چوری کیے ان کا پہلا احتساب ہوگا۔ یہ کوئی بات ہے، ہم ووٹ دیکر نوازشریف کو اسلام آباد پہنچائیں مگر ثاقب نثار ایک قلم سے لکھ کر ہٹا دے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ نوازشریف نے لوڈشیڈنگ پر قابو پایا ڈالر 105 روپے پر روک لیا تھا، نواز شریف کے دور میں سی پیک چل رہا تھا، نواز شریف تمھارے حقوق کی جنگ لڑرہا ہے، کہا آئین کیلئے لڑنے والے نواز شریف اور ذوالفقارعلی بھٹو بن جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن جن طاقتوں نے عمران خان کو کھڑا کیا انہوں نے پاکستان کو دھکیل کر پیچھے کردیا، لوگ کہتے ہیں مہنگائی ہوئی بجلی نہیں ہے شکر کرو شہباز شریف نے ملک کو بچالیا، شہبازشریف نے اپنی سیاست نہیں بچائی ملک بچایا ہے ملک سری لنکا بننے جارہا تھا۔