کراچی کا میئر جماعت اسلامی ہی کا بنے گا،حافظ نعیم

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے ایک بار پھر واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سے ڈبل سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کئے، کراچی کا میئر جماعت اسلامی ہی کا بنے گا۔

کراچی میں جمعرات 19 جنوری کو ایک بار پھر گلے شکوے سے بھری پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں خبردار کر رہا ہوں ہمارے مینڈیٹ پر قبضہ کیا تو قبضہ چھڑانے آئیں گے، جماعت اسلامی پیار محبت سے نہیں بہلے گی، ہم نمبر ون پارٹی ہم ہیں، میئر جماعت اسلامی کا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے آر اوز کی جانب سے مبینہ دھاندلی کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے ری کاونٹنگ کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دوست پی پی کے اکسانے پر دوبارہ گنتی کرارہے ہیں، یہ ان کا حق ہے لیکن اس سے پیپلزپارٹی فائدہ اٹھا کر اپنے نمبر بڑھائے گی۔ آر اوز کا کام تحفظ کرنا ہے وہی دھاندلی کر رہے ہیں۔ فارم گیارہ اور بارہ میں متعدد غلطیاں ہیں، مرضی کے نتائج حاصل کرنے کے لیے آر اوز کو تعینات کیا گیا۔ ڈی آر او آفسز کو پیپلز پارٹی کا اڈہ نہیں بننے دیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اپنے مینڈیٹ کو چوری نہیں ہونے دیں گے، عوام سوشل میڈیا پر ان چیزوں کو منظر عام پر لائیں، کل بروز جمعہ 20 جنوری کو نیو ایم اے جناح روڈ پر یوم تشکر کا جلسہ کیا جائے گا، امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق بھی اس میں شرکت کریں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے ری کاونٹنگ کی جائے، ہم نے پی پی کے مقابلے میں ڈبل سے بھی زیادہ ووٹ لئے ہیں، ان کی اکثریت کیسے ہو سکتی ہے، ہم نمبر ون پارٹی ہیں، حکومت عوام کو اختیار دینا نہیں چاہتی، آخری گھنٹوں تک کنفیوزن برقرار رکھی کہ لوگ ووٹ نہ ڈال سکیں، لوگوں نے پچیس فیصد سے زائد ووٹ کاسٹ کیے، اتنی کوششوں کے بعد الیکشن جو ہوا وہ بھی مسائل کا شکار رہا۔