کراچی میں گرد ہوائیں، دھند اور سخت سردی کا راج

شہر قائد میں بدھ کی رات سے کوئٹہ کی ہوائیں چلنے کا سلسلہ جمعرات 12 جنوری کی صبح بھی جاری رہا ہے، جس سے موسم مزيد سرد ہوگيا۔ کراچی ميں آج درجہ حرارت 7 ڈگری سينٹی گريڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم سرد اور خشک رہے گا۔ صبح کے وقت 20کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغربی ہوائیں چلتی رہیں۔ جب کہ موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق کراچی میں تیز ہواؤں کا سلسلہ 17 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں تیز ٹھنڈی گرد آلود ہواؤں کے جھکڑ چلنے سے شہر میں 2 روز بعد سردی پھر سے لوٹ آئی ہے۔ اس دوران کراچی میں گرد کے باعث حدد نگاہ ایک کلومیٹر رہ گئی، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 25 فیصد ہے۔

دوسری جانب ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، سڑکوں سے برف نہ ہٹانے کے باعث پھسلن سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری کی وجہ سے کئی مقامات پر راستے ٹریفک کے لئے بند ہیں۔

ادھر شمالی بلوچستان میں مغربی سسٹم کمزور ہوگیا ہے، برفباری کا سلسلہ تھم جانے کے باوجود ریکارڈ توڑ سردی برقرار ہے۔

وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں رات گئے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، آئندہ دو روز کے دوران صوبے کے 13 اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں سہہ پہر سے بادل چھانے شروع ہوگئے تھے جس کے بعد رات گئے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

بارش کے شروع ہوتے ہی سرد ہوا چلنے سے موسم بھی سرد ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے داخل ہونے سے گیارہ سے تیرہ جنوری تک بلوچستان کے 13 اضلاع کوئٹہ، ژوب، بارکھان، زیارت، نوکنڈی، دالبندین، قلات مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے جس کے بعد ان علاقوں میں درجۂ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔

شمالی بلوچستان میں شدید سرد ہواؤں کے سبب نظام زندگی متاثر ہے، زیارت منفی11،کان مہترزئی،توبہ اچکزئی میں درجہ حرارت منفی10 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق پشین،کوژک ٹاپ،قلعہ عبداللّٰہ،خانوزئی میں پارہ منفی میں 8 ڈگری سیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

لیویز حکام کا کہنا ہے کہ کوژک ٹاپ پر شدید دھند ہے اور حد نگاہ صفر ہے جبکہ درجنوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ لیویز کے مطابق مسافر گاڑیاں چھوڑ کر پیدل پہاڑی علاقے کو عبور کرنے لگے ہیں، کوئٹہ چمن شاہراہ کو صبح تک آمدورفت کے لیے رات گئے بند کردی گئی۔

کان مہترزئی این 50 ہائی وے پرشدید دھند چھائی ہوئی ہے جبکہ برفیلی ہوائیں چل رہی ہیں۔ موٹروےپولیس کے مطابق این50 کوئٹہ ژوب قلعہ سیف اللّٰہ ہائی وے پر کئی مقامات پرحد نگاہ صفر ہے، کوئٹہ سے پنجاب، کے پی جانے والی گاڑیوں کو خانوزئی کے مقام پر روک دیا گیا ہے۔

سیکٹرکمانڈر موٹر وے نے بتایا کہ کوئٹہ جانےوالی گاڑیوں کو قلعہ سیف اللّٰہ اور مسلم باغ پر روکا گیا ہے۔ کوآرڈینیٹر وزیراعلیٰ بلوچستان موسی جان اچکزئی نے رات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ قومی شاہراہوں پر کلیئرنس آپریشن صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا، وزیراعلیٰ امدادی کاموں کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔