صدر مملکت عارف علوی اور وفاقی حکومت میں پھر ٹھن گئی

اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق قانون سازی کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکا اجلاس بلانے کے معاملے پر صدرمملکت اور وفاقی حکومت میں پھر ٹھن گئی۔

صدر مملکت نے سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور شدہ لوکل باڈیز ترمیمی بل توثیق کیے بغیر یکم جنوری کو واپس کیا تو وفاقی حکومت نے مشترکہ اجلاس سے منظوری لینے کیلئے 5 جنوری کو سمری بھیجی۔

صدر مملکت کی جانب سے نامنظور کیے جانے کی اطلاعات ملیں تو حکومت نے دوسری سمری ارسال کرکے 12 جنوری کو مشترکا اجلاس بلانے کی ایڈوائس کردی۔

وزارت پارلیمانی امور کا کہنا ہے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت مشترکہ اجلاس عموماً 24 گھنٹے میں بلالیتے ہیں لیکن اس مرتبہ صدر علوی غیر ضروری تاخیر کررہے ہیں۔ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ صدر نے دوسری سمری بھی مسترد کردی توحکومت اپنی حکمت عملی مرتب کرے گی۔