سیکیورٹی فورسز کے خلاف ہتھیار اُٹھانا اور اعلانِ جنگ حرام ہے، علمائے کرام کا فتویٰ

علمائے کرام نے مشترکہ فتوے میں کہا ہے کہ پولیس اور فوجی اہلکاروں کے خلاف ہتھیار اُٹھانا اور اعلانِ جنگ کرنا حرام ہے۔

ملک میں جاری دہشت گردی کے حوالے سے دارالعلوم سرحد پشاور، جامعہ دارالعلوم حقانیہ، تنظیم المدارس، وفاق المدارس العربیہ، ربط المدارس، وفاق المدارس اسلفیہ نے دہشت گرد کاروائیوں کو مسترد کرتے ہوئے مشترکہ فتوی جاری کردیا۔

وفاق المدارس الشیعہ، جامع تعلیم القران، علماء کونسل خیبر پختونخواہ نے بھی دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔

خیبر پختونخوا کےعلمائے کرام نے دہشت گردوں اور دہشت گرد کاروئیوں کے خلاف فتوی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاد کا اعلان صرف اسلامی ریاست کا سربراہ کر سکتا ہے، ہر شخص کو جہاد کے اعلا ن کا حق نہیں، اور قانون کی پاسداری سے گریز کرنا شرعاََ ناجائز ہے۔

علمائے کرام نے اپنے فتوی میں کہا ہے کہ پولیس اور فوجی اہلکاروں کے خلاف ہتھیار اُٹھانا اور اعلانِ جنگ کرنا حرام ہے، سیکیورٹی فورسز کے اہلکار پاکستان کی حفاظت کرتے ہوئے اگر جان دے دیں تو وہ شہید ہیں۔

علماء کے فتوے میں کہا گیا ہے کہ اسلامی ریاست کے اندر فتنہ و فساد، ریاست کے خلاف محاز آرائی شریعت کی رو سے جائز نہیں، جو شخص ایسا کرے گا وہ پاکستان کے دستور قانون سے بغاوت ہو گا، حاکم وقت کے خلاف خروج بغاوت ہے، اس کے مرتکبین سزا کے مستحق ہیں۔