عالمی کانفرنس میں سیلاب متاثرین کا کیس دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملے گا، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ریزیلینٹ پاکستان عالمی کانفرنس میں سیلاب متاثرین کا کیس دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملے گا۔

ٹویٹ پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اس کانفرنس کے دوران شرکا کو اپنی حکومت کی جانب سے متاثرین کی ریلیف اور بحالی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ کانفرنس کے دوران سیلاب سے تباہی کے بعد بحالی،تعمیرنو اور ریکوری کے حوالے سے جامع پلان بھی دوست ممالک اور ترقیاتی شراکت داروں کے سامنے رکھیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اہم بنیادی ڈھانچے ،زندگی اور معاش کی تعمیر و روزگاراور معیشت کی بحالی اس فنڈنگ کے خلا کو پر کرنے کے لئے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت دنیا کی تاریخ میں ایک موثر نکتہ ہے،ہمارے آج کے اقدامات ہماری آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی تشکیل کریں گے۔سیلاب اور تباہ کن بارشوں سے لاکھوں پاکستانی متاثر ہوئے ہیں اور وہ یکجہتی کے منتظر ہیں جوانہیں دوبارہ بہترین تعمیر کی طرف لے جائے گی۔

خیال رہے کہ جنیوا میں موسمیاتی طور پر مضبوط پاکستان کانفرنس آج بروز پیر 9 جنوری کو ہو رہی ہے۔ پاکستان مجموعی طور پر قطر، یو اے ای ، ملائیشیا ، ترکی ، کویت اور چین سمیت 40 سے زیادہ ممالک کو کانفرنس میں مدعو کر چکا ہے۔

کلائمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس کی مشترکہ میزبانی وزیراعظم شہباز شریف اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اینتونیو گوتریس کریں گے۔ کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم کی مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

میزبانی کیلئے وزیر اعظم کی سربراہی میں وفد سویٹزلینڈ پہنچ گیا۔ وزیراعظم کے وفد میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیرموسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب شامل ہیں۔