شام میں زلزلے سے متاثرہ جیل سے داعش کے متعدد قیدی فرار

شمال مغربی شام میں پیر کو تباہ کن زلزلے کے بعد ایک جیل کے قیدیوں نے بغاوت کی اور 20 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

عالمی خبر ایجنسی نے جیل حکام کے حوالے سے لکھا کہ فرار ہونے والے قیدیوں میں سے اکثر کا تعلق داعش سے ہے۔

ذرائع کے مطابق ترکی کی سرحد کے قریب واقع قصبے راجو میں ملٹری پولیس جیل میں تقریباً 2,000 قیدی ہیں، جن میں سے تقریباً 1,300 کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کا تعلق داعش سے ہے۔

ترک حامی گروپوں کے زیر کنٹرول راجو جیل کے ایک اہلکار نے بتایا کہ “ 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد علاقے میں درجنوں آفٹر شاکس آئے جس سے جیل کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ کل شام قیدیوں کی طرف سے بغاوت شروع ہو گئی اور انہوں نے جیل کے کچھ حصوں پر قبضہ کر لیا۔

دوسری جانب ترکیہ اور شام میں شدید زلزلے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار سے بڑھ گئی ہے، ہزاروں افراد زخمی ہیں، کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔