بھارتی فوج کے کرنل کی ڈیوٹی کے دوران خودکشی
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں فوج کے کرنل نے ڈیوٹی کے دوران خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرنل نیشتھ کھنہ ریاست مدھیہ پردیش کے شہر جبل پور میں فوج کے ٹیکینیکل ٹریننگ ریجنمنٹ 1 کے کمانڈنگ آفیسر کے عہدے پر ذمہ داریاں سرانجام دے رہا تھا۔
جبل پور کی سٹی سپریٹینڈنٹ پولیس پریانکا شکلا نے بتایا کہ کرنل نیشتھ کھنہ کی لاش سگنل ٹریننگ سینٹر کے آفیسرز میس کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی ہے۔
خودکشی کرنے والے کرنل نیشتھ کھنہ کی لاش سے ایک تحریر بھی ملی ہے جس میں اس نے اپنے ہی پاتھوں زندگی کا خاتمہ کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
پریانکا شکلا کے مطابق خودکشی کرنے والا کرنل 25 اکتوبر 2022 سے گھریلو مسائل کی وجہ سے اپنی بیوی اور بچوں سے الگ رہ رہا تھا۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج کے سپاہیوں اور افسران میں خودکشی کا رجحان کافی بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے مدھیہ پردیش ہی کے شہر نرمدا پورم میں ایک کیپٹن نے بھی اسی طرح خودکشی کرلی تھی۔