ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 56 رنز سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ 8 کے 5ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 56 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی، بابر الیون 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 8 کے 5ویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

پشاور زلمی نے ابتداء میں اچھا مقابلہ کیا تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے سبب بابر الیون کیلئے ہدف کا حصول مشکل ہوتا گیا اور پوری ٹیم 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

صائم ایوب 53 اور محمد حارث 40 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر ہے، بابر اعظم 9، ٹام کوہلر کیڈمور 3، راومین پاول 23، بھنوکا راجاپکسا ایک، جیمز نیشم 12، وہاب ریاض ایک، خرم شہزاد 2 اور سلمان ارشاد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ اور اسامہ میر نے 3، 3 جبکہ عباس آفریدی 2 اور کارلوس بریتھویٹ نے ایک شکار کرسکے۔

 اس سے قبل پشاور زلمی کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز پی ایس ایل 8 میں پہلی بار 200 سے زائد رنز بنانے والی ٹیم بن گئی۔

ملتان سلطانز کے اوپنرز نے 54 رنز کا آغاز فراہم کیا، شان مسعود 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد محمد رضوان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بناڈالے۔

رضوان کے بعد رائیلی روسو نے انتہائی جارحانہ انداز اختیار کیا اور محض 23 گیندوں پر نصف سنچری جڑ دی، وہ 36 گیندوں پر 2 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ڈیوڈ ملر 23 اور کیرن پولارڈ 15 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے سلمان ارشاد نے 2 اور سفیان مقیم نے ایک شکار کیا۔ وہاب ریاض، خرم شہزاد، جیمز نیشم ایک بھی وکٹ نہ لے سکے۔

 

 

رائیلی روسو کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کپتان ملتان سلطانز محمدرضوان کا کہنا ہے کہ ٹاس جیت جاتے توپہلے بیٹنگ کرتے۔ پہلی یادوسری بیٹنگ سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

کپتان پشاورزلمی بابراعظم نے کہا کہ ہمارے پاس غیرملکی کھلاڑی اچھےہیں، شکیب الحسن کی جگہ رومین پاول کو موقع دیا ہے۔

بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیل کی گئی ہے، کوشش ہے بہترین کھلاڑیوں کوٹیم میں شامل کریں۔