مقامی سطح پر لیپ ٹاپ سمیت دیگر آلات کی تیاری کی سفارشات تیار
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے مقامی سطح پر لیپ ٹاپ اور سگنل بوسٹرز سمیت دیگر آلات کی تیاری کی سفارشات تیار کرلیں۔
پی ٹی اے نے درآمدی بل گھٹانے اور ملک میں روزگار بڑھانے کے لیے موبائل فونز مینوفیکچرنگ پالیسی میں ترمیم کی سفارش تیار کرلی ہیں۔
سماء نے موبائل فونز تیاری کی پالیسی میں ترمیم کے حوالے سے اہم سفارشات کی دستاویز حاصل کرلی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں رجسٹرڈ 31 کمپنیوں نے ایک سال میں 1 ایک کروڑ ستر لاکھ سے زائد موبائل فونز تیار کیے لیکن ملک میں صرف موبائل فونز کی تیاری ہی کافی نہیں۔
سفارشات میں کہا گیا ہے کہ لیپ ٹاپ، گاڑیوں کے ٹریکرز اور بائیو میٹرک و پوائنٹ آف سیل مشینز بھی خود بنانا ہوں گی، اس کے علاوہ تجاویز میں موبائل فون سگنل بوسٹرز اور انٹرنیٹ سے متعلق دیگر آئی ٹی مصنوعات کی تیاری بھی شامل ہے۔
پی ٹی اے نے پہلے سے رجسٹرڈ کمپنیوں کے ساتھ نئی کمپنیوں کو مینو فیکچرنگ لائسنس دینے کی بات بھی کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائیو جی موبائل فونز کی تیاری کیساتھ میڈ اِن پاکستان مصنوعات کی افریقا، مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک میں برآمد کیلئے سہولیات بھی دی جائیں۔
پی ٹی اے کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف بھاری درآمدی بل کا بوجھ کم ہوگا بلکہ روزگار کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔