حکومت کا دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ
حکومت نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء کا کہنا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کل دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کی منظوری دے گی، مسلح افواج دنوں اور ہفتوں میں علاقوں کو کلیئر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ کرلیا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کل دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی منظوری دے گی، بنوں میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو کلیئر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے آپریشن شروع ہونے سے پہلے ہی دہشت گرد بھاگ جائیں، مسلح افواج دنوں اور ہفتوں میں علاقوں کو کلیئر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا صفایا کیا جائے گا۔
عمران خان کی آڈیوز سے متعلق سوال پر رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ ہم نے عمران خان کی لیک آڈیوز کا فارنزک کرالیا، وہ 100 فیصد درست ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ عائلہ ملک یا عمران خان ہمیں چیلنج کریں، دنیا کی جس ایجنسی سے کہیں گے ہم وہاں سے فارنزک کروا کے ان کی تسلی کرادیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا دو دن پہلے مارچ اپریل میں الیکشن کا شوشہ چھوڑنے والے عمران خان اب ٹیکنو کریٹ حکومت آنے کی افواہیں پھیلا رہے ہیں، پی ٹی آئی والے باقاعدہ بیٹھ کر سوچتے ہیں کہ کس طرح ملک میں افراتفری پھیلائی جائے۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والے سوچتے رہ جائیں گے انتخابات اکتوبر 2023ء میں ہی ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے پرویز الٰہی کے پاس پنجاب اسمبلی میں 12 سے 15 ارکان کم ہیں، یہ بات ان کو سمجھ آرہی ہے، اگر اعتماد کا ووٹ نہ لے سکے تو پرویز الٰہی وزیراعلیٰ نہیں رہیں گے، جنوری میں تبدیلی آسکتی ہے۔