شوہر نے سوتن لانے کی دھمکی دی تو بیوی اغواکار بن گئی

بيٹے کی خواہش میں شوہر نے سوتن لانے کی دھمکی دی تو بیوی اغواکار بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق شوہر نے بیٹا پیدا نہ ہونے پر دوسری شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تو خاتون نے بڑی منصوبہ بندی کرڈالی، ایسی چال چلی کہ سب دنگ رہ گئے۔

فوزیہ شوہر کو اميد سے ہونے کی خوشخبری سناکر باقاعدگی سے چیک اپ کیلئے اسپتال جانے لگی۔ ايک مرتبہ چيک اپ کروانے گئی اور اچانک بیٹے کی ولادت کی نوید سنادی لیکن معاملہ کچھ اور تھا۔

خاتون نے پہلے حاملہ ہونے کا ڈرامہ رچایا پھر سرکاری اسپتال سے نومولود کو اغوا کرلیا مگر سبزہ زار پوليس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے سنسنی خیز کہانی کا ڈراپ سین کردیا۔

تفتیشی ٹیم نے ملزمہ کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی کڑیاں ملاکر حراست میں لیا۔ کہتے ہیں بظاہر یہ واقعہ ذہنی دباو کی وجہ سے پیش آیا۔ ملزمہ کہتی ہے کہ وہ خوفزدہ تھی کہ کہیں اسکا شوہر دوسری شادی نہ کرلے۔

پولیس نے غیرذمہ دارانہ رویہ رکھنے پر اغواکار خاتون کے شوہر کو بھی ہتھکڑیاں لگادیں تاکہ اسے بھی سبق سکھایا جاسکے۔