عمران خان پر حملہ سوچی سمجھی سازش،ملزم کا بیان جھوٹا قرار
مشیر احتساب وزیراعلیٰ پنجاب مصدق عباسی کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر حملہ سوچی سمجھی سازش تھی جبکہ پولی گرافک ٹیسٹ میں ملزم کا بیان بھی جھوٹا نکلا۔
لاہور میں مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوارن مصدق عباسی نے کہا کہ حملہ کرنے والا ملزم اکیلا نہیں تھا جبکہ فرانزک رپورٹ سے بات بھی سامنے آئی کہ عمران خان کے گارڈ نے کوئی گولی نہیں چلائی۔
مصدق عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان پرحملےکی جے آئی ٹی مختلف طریقوں سے تحقیقات کررہی ہے، گرفتارملزم نوید کا پولی گرافی مشین سے تین بار بیان ریکارڈ کیا گیا۔ پولی گرافک ٹیسٹ کے مطابق ملزم نے جھوٹ بولا ہے۔ ملزم اکیلا نہیں تھا،اسکے ساتھ اور لوگ بھی تھے۔
اس موقع پر عمرسرفراز چیمہ نے کہا جے آئی ٹی نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو بلایا مگر وہ نہیں آئے۔ دوبارہ بلانے پر بھی اگر وہ نہیں آئے تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ اکتوبر میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان پروزیر آباد کے قریب فائرنگ کی گئی تھی۔ اس واقعے میں ایک شخص جاںبحق جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ سمیت 5 افراد گولی لگنے سے زخمی ہوئے تھے۔