اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں خودکش دھماکا، پولیس اہلکار شہید
وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر آئی 10 میں گاڑی میں دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ گاڑی میں موجود خود کش بمبار بھی ہلاک ہوگیا۔
اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں ٹیکسی میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ٹیکسی میں موجود 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
ترجمان آئی جی اسلام آباد کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب پولیس ٹیم کے ایک اہلکار نے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، گاڑی کے رکتے ہی دھماکا ہوگیا اور گاڑی میں موجود ٹیکسی ڈرائیور اور خودکش بمبار ہلاک ہوگئے۔
ترجمان نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونیوالا پولیس اہلکار بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا، جبکہ اس کے ساتھ کھڑا ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہے۔ شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کے نام سے ہوئی ہے، شہید عدیل حسین کا تعلق عارف والا پاکپتن سے ہے اور اس کے 3 بچے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ دھماکا خود کش تھا، اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی اور چیکنگ چل رہی تھی، پولیس جوانوں نے چیکنگ کے دوران مشکوک گاڑی کو روکا اور چیکنگ شروع کی تو گاڑی میں موجود لمبے بالوں والے شخص نے گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکا بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا اور اس میں پولیس اہلکاروں کو ہدف بنایا گیا، دھماکے میں استعمال ہونیوالی گاڑی لاہور رجسٹرڈ تھی اور گاڑی کے مالک کا تعلق چکوال سے بتايا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری شہید ہوگیا اور پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ ہمارے پاس 10 افراد کو لایا گیا ہے، جن میں 5 شہری اور 5 پولیس اہلکار ہیں، جبکہ 2 افراد کی لاشیں بھی لائی گئی ہیں، ایک پولیس کا جوان شہید ہے، جبکہ ایک شہری کی شناخت نہیں ہوسکی۔
اسپتال حکام نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونیوالے پولیس اہلکاروں میں محبوب حسین، محمد حنیف اور رضا حسین شامل ہیں۔ شہری 35 سالہ انعام الرحمان، 46 سالہ یوسف کے علاوہ محمد نوید، محمد عاشر اور محمد عثمان بھی زخمی ہوئے۔
پولیس کے افسران اور متعلقہ اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے جائے وقوعہ سے حملہ آور کے موبائل سميت اہم شواہد اکھٹے کرلئے، تحقیقات سی ٹی ڈی کے حوالے کردی گئی، جبکہ اسلام آباد واقعے کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔