اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ حتمی ہے، مکمل عملدرآمد ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ حتمی ہے عمران خان کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہو گا۔

ٹویٹر پیغام میں پرویزالہیٰ نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت انتخابات سے بھاگنا چاہتی ہے مگر ہم امپورٹڈ حکومت کو عوام کے کٹہرے میں پیش کریں گے اور حتمی فیصلہ عوام کا ہو گا۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو مبارک ہو، آج عدالت نے گورنر کی آئین شکنی کا راستہ روک دیا۔ رات کے اندھیرے میں منتخب حکومت پر شب خون مارنے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔

پرویزالہیٰ کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کے سلیکٹڈ گورنر نے آرٹیکل58 ٹو بی بحال بحال کرنے کی کوشش کی لیکن اس کا راستہ روک دیا گیا ہے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب کے خلاف آج پنجاب اسمبلی کی قرارداد اہمیت کی حامل ہے۔ اس قرارداد کی روشنی میں صدر سے درخواست کر رہے ہیں کہ گورنر کے خلاف مس کنڈکٹ کی کاروائی عمل میں لائی جائے اور فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔

اس سے قبل اسمبلی اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا کہ دشمن چاہے جو بھی کرلے یہ حکومت قائم رہے گی۔ ہم کئی مشکلات کے باوجود بھی آج اسمبلی میں بیٹھے ہیں۔