چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آڈیولیکس سے پریشان، اہم قدم اٹھالیا

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مزید آڈیولیکس کی روکھتام کےلیے اہم قدم اٹھا لیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں اپنی رہائشگاہ زمان پارک کی ازسرنوچیکنگ کا فیصلہ کرلیا۔ آڈیو اورویڈیو ڈیوائسزچیک کرنے کیلئے اسپیشل برانچ کی ٹیم بلوائی گئی۔

خصوصی ٹیم عمران خان کی رہائشگاہ کے تمام کمروں میں خفیہ آڈیو اور ویڈیو ڈیوائسز تلاش کررہی جبکہ گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی بھی مکمل چیکنگ کی جائے گی۔

خیال رہے کہ 16 دسمبر کو عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور نگران بنی گالہ انعام خان کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی تھی۔ آڈیو میں بشریٰ بی بی سوال پوچھتی سنائی دے رہی ہیں کہ انعام خان آپ نے اصفر کو تصویریں کھینچنے کا کہا تھا؟ گھر میں باہر سے جو چیزیں آئیں ان کی تصویریں کیوں کھینچنی؟ گھر کے اندر آنے والی چیز کی کون تصویر کھینچتا ہے۔

اس سے قبل 8 دسمبر کو بھی تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی تھی۔ بشریٰ بی بی مبینہ طور پر ذلفی بخاری سے کہتی ہیں خان صاحب کی کچھ گھڑیاں ہیں جو انہوں نے کہا ہے کہ آپ کو بھیج دوں، تاکہ آپ انہیں بیچ دیں، وہ گھڑیاں خان صاحب کے زیر استعمال نہیں۔