وزیراعظم کی بنوں آپریشن میں زخمی افسران اور جوانوں سے ملاقات
وزیراعظم شہبازشریف نے واضح کردیا کہ ریاست کی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کرکے بنوں آپریشن میں زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کی عیادت کی اور فوجیوں کی جرات اوربہادری کوخراج تحسین پیش کیا۔
اِس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج کی بےمثال قربانیوں کو ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دہشت گردوں اور اُن کے ہمدردوں کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنے کیلئے بھی پُرعزم ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بنوں آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کی عیادت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا ۔ سپہ سالار نے جوانوں کے بلند حوصلوں کی تعریف کی اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران ان کے پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔