سیاسی استحکام آنے تک معاشی استحکام نہیں آسکتا، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جلدی انتخابات نہ کرائے گئے تو ملک ہاتھ سے نکل جائے گا۔ سیاسی استحکام آنے تک معاشی استحکام نہیں آسکتا۔

گورنر ہاؤس لاہور کے باہر موجود تحریک انصاف کے کارکنوں سے ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک دلدل میں پھنستا جا رہا ہے، ہماری دو صوبوں میں حکومت ہے مگر اس کے باوجود الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہمارا آئینی حق ہے کہ ہم الیکشن کروائیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے کہتے تھے اسمبلیاں تحلیل کریں، الیکشن کیلئے تیار ہیں مگر اب کبھی کہتے ہیں 2صوبوں میں الیکشن کرائیں گے، کبھی گورنر راج کی بات کرتے ہیں، پنجاب میں مذاق ہورہا ہے۔70 فیصدپاکستانی کہتے ہیں مسائل کا حل صاف شفاف الیکشن ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب ہماری حکومت گرائی گئی اس دور میں سب سے زیادہ گروتھ ریٹ تھا، اس حکومت کو ایک آدمی نے گرایا، میں سب اداروں سے بات کر رہا ہوں، اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ سے بات کر رہا ہوں، یہ سب کی جنگ ہے سوائے ان لوگوں کے جن کے پیسے باہر پڑے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک آدمی نے دشمنی کی ہے، ایک آدمی فیصلہ کر بیٹھا تھا کہ اس پارٹی کو ختم کرنا ہے، ایک آدمی فیصلہ کر بیٹھا تھا کہ عمران خان کو ختم کرنا ہے، نااہل کرنا ہے مگر قوم ایک ہی پیغام دے رہی تھی کہ چوروں کے ٹولے کو قبول نہیں کررہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں ہٹاکر چوروں کو بٹھادیا گیا جس کے بعد ہمیں برابھلا کہنے والے بھی چوروں کو دیکھ کر ہمارے ساتھ کھڑے ہوگئے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جس ایک آدمی نے فیصلہ کیا ان چوروں کو مسلط کرنے کا اور پھر ہمارے سے یہ چور ہضم کروانے میں ہم کتنا اور نیچے گریں گے۔ گندی ویڈیوز، آڈیوز نکل رہی ہیں، بچے ہمارے سوشل میڈیا پر گند دیکھ رہے ہیں صرف اس لیے کہ کسی طرح بلیک میل کیا جائے اور ہم ان چوروں کو تسلیم کرلیں۔