(اسلام آباد) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل
(اسلام آباد) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل 2 جنوری تا 9 جنوری 2023تک ہفتہ حق خود ارادیت منائے گی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاس ہونے والی قرارداد کی مناسبت سے برطانیہ، یورپ، پاکستان اور آزادجموں و کشمیر میں تقریبات منعقد کر کے عالمی برادری کو کشمیریوں کے جذبات سے آگاہ کیا جائے گا
(اسلام آباد) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل 2 جنوری تا 9 جنوری 2023تک ہفتہ حق خود ارادیت منائے گی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاس ہونے والی قرارداد کی مناسبت سے برطانیہ، یورپ، پاکستان اور آزادجموں و کشمیر میں تقریبات منعقد کر کے عالمی برادری کو کشمیریوں کے جذبات سے آگاہ کیا جائے گا۔ پہلی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی جس میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ، کشمیری اور پاکستانی سیاسی و دیگر قائدین، عوامی نمائندگان اور ریاست جموں وکشمیر کے تمام علاقوں سے تعلق رکھنے والے اکابرین کو اس کانفرنس میں بھرپور شرکت کے لئے خصوصی دعوت دی جا چکی ہے۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین اس سلسلہ میں مختلف تنظیموں، سیاسی اکابرین، انسانی حقوق کی تنظیموں کے راہنماؤں، خواتین اور نوجوانوں کی تنظیموں کی مرکزی قیادت کے ساتھ لابی کر کے اس کانفرنس کا کامیاب بنانے کے لئے عملی طور پر لابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار راجہ نجابت حسین نے سابق پاکستانی ہائی کمشنر برائے برطانیہ ڈاکٹر محمد نفیس ذکریا سے اسلام آباد میں خصوصی ملاقات کے دوران کیا اور انہیں بتایا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام سال2023میں دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے سلسلہ میں اور مسئلہ کشمیر کا فوری، پائیدار اور انتہائی پرامن حل تلاش کرنے کے لئے اپنی سرگرمیاں تیز کر رہے ہیں تا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر رکوانے کے لئے مختلف فورمز پر آواز بلند کی جا سکے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہم ریاست جموں وکشمیر کے باشندے پوری دنیا میں جہا ں جہاں بھی آباد ہیں ان ممالک کے دارالحکومتوں، پارلیمانی ایوانوں اور تھنک ٹینکس کے ساتھ مل کر مقبوضہ کشمیر کے عوام کا کیس ہر سفارتی محاذ پر منظم انداز میں پیش کریں گے۔ برطانیہ کے شہر مانچسٹر، لندن، برمنگھم، بریڈ فورڈ،پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد،تاریخی شہر لاہور اور آزادجموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباداور تارکین وطن کے شہر میر پور کے علاوہ مڈل ایسٹ اور یورپی ممالک کے دارلحکومتوں میں بھی تقریبات کے لئے لابی مہم کو تیز ترین کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے تمام عہدیداران، آل پارٹیز پارلیمنٹر ی کشمیر گروپ، لیبر فرینڈز آف کشمیر، کنزرویٹو فرینڈز آف کشمیر اور یورپین پارلیمنٹ کے فرینڈز آف کشمیر گروپ کے ساتھ بھی رابطوں میں تیزی لائی جا چکی ہے اور اس سلسلہ میں ان سے بھرپور تعاون حاصل کیا جائے گا اور آزادجموں و کشمیر اور پاکستان کے لئے انتہائی موثر وفود کے تبادلہ جات کے لئے بھی لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ وہ مختلف پاکستانی زعماء، پاکستانی حکومت کے اکابرین، صدر ریاست آزادجموں و کشمیر، وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر اور پاکستانی وزارت خارجہ کے اعلی حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں تا کہ اس سارے پروگرام کو منظم انداز میں آرگنائز کر کے مسئلہ کشمیر کو سفارتی محاذ پر انتہائی موثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔