گیس کے شعبے کا گردشی قرضہ ریکارڈ سطح پر، اشفاق تولہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم
حکومت نے گیس کے شعبے کا گردشی قرضہ ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے بعد ماہر ٹیکس امور اشفاق تولہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی جو 10 دن میں سرکلر ڈیٹ کے خاتمے کیلئے قابل عمل پلان پیش کرے گی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا نوٹیفکیشن سماء کو موصول ہوگیا۔ گیس کے شعبے میں 1500 ارب کے گردشی قرضوں سے نمٹنے کیلئے حکومت نے اہم فیصلہ کرلیا، ماہر ٹیکس امور اشفاق تولہ کی سربراہی میں 13 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گیس سرکلر ڈیٹ کے خاتمے کیلئے کمیٹی 10 دن میں قابل عمل پلان پیش کرے گی، کمیٹی سرکلر ڈیٹ کی سیٹلمنٹ کی قانونی اور پروسیجر ضروریات کے نکات بھی تیار کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں وزارت خزانہ، وزارت توانائی، پیٹرولیم کے سیکریٹریز اور کمشنر ایس ای سی پی شامل ہیں جبکہ او جی ڈی سی ایل، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، پی ایس او، پی پی ایل، جی ایچ پی ایل، سی پی پی اے اور پاکستان ڈیولپمنٹ فنڈ کے سی ایف اوز کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ گیس سرکلر ڈیٹ کمیٹی کو وزارت خزانہ میں سیکریٹریٹ کی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔