سافٹ ویئر کے ذریعے سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی روک تھام ممکن قرار
آئی ٹی ماہرین نے سافٹ ویئرز کے ذریعے سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کی روک تھام ممکن قرار دے دی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور کی سب کمیٹی نے وزارت آئی ٹی اور ماہرین کو توہین آمیز مواد روکنے کیلئے طریقۂ کار طے کرنے کی ہدایت کردی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی سب کمیٹی کا اجلاس کنوینر شگفتہ جمانی کی زیر صدارت ہوا جس میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کو روکنے کا معاملہ زیر غور آیا۔
پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ توہین آمیز مواد روکنے کے 2 طریقے ہیں، ایک ایسی ویب سائٹس جو ہم خود بند کرسکتے ہیں، کچھ ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایسے ہیں جن پر توہین آمیز مواد روکنے کیلئے ای میلز کرنا پڑتی ہیں۔
کمیٹی میں موجود آئی ٹی ماہرین نے چند سافٹ ویئرز بناکر سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد روکنے کو ممکن قرار دے دیا۔
مذہبی امور کی سب کمیٹی نے وزارت آئی ٹی اور ماہرین کو ملکر سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کو روکنے کا طریقۂ کار طے کرنے کی ہدایت کردی۔
پی ٹی اے حکام نے آئی ٹی ماہرین کو سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد روکنے کیلئے سہولت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کردی۔