مٹی کے تندوروں کے ذریعے آئس سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام
اے این ایف نے مٹی کے تندوروں کے ذریعے آئس سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر واقع نجی کوریئر آفس پر چھاپے کے دوران آئس جذب کئے تندوروں کو قبضے میں لے لیا گیا، جب کہ سامان بک کرانے والے خیبر کے رہائشی اقرار احمد کو بھی گرفتارکرلیا۔
اے این ایف ترجمان نے بتایا کہ ملزم اقرار احمد نے 6 تندور جدہ سعودی عرب بھیجنے کے لئے بک کرائے تھے، اور6 تندوروں سے 56 کلو جذب شدہ آئس تھی، جسے کارروائی کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ دوران تفتیش دوران تفتیش ملزم نے مزید 5 تندور کراچی پہنچنے کا انکشاف کیا، اور ملزم کی ہی نشاندہی پر سہراب گوٹھ سے مزید 2، لیاری سے 3 تندور برآمد کرلئے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ 11 تندوروں میں مجموعی طور پر ساڑھے 88 کلو آئس جذب کی گئی تھی، جو قبضے میں لے لی گئی ہے، جب کہ ملزم اور اس کے ساتھیوں سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب اے این ایف نے لاہور ائیرپورٹ سے دوحہ جانے والے 2 ملزمان سے ساڑھے 7 کلو ہیروئن برآمد کرلی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکپتن کی خاتون اور مرد نے ہیروئن ٹرالی بیگ میں چھپا رکھی تھی، جو قبضے میں لے لی گئی ہے، جب کہ ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
ایک اور کارروائی میں اے این ایف نے باچا خان ایئرپورٹ سے قطر جانے والے ملزم سے چرس بھرے کیپسول برآمد کرلئے۔
ترجمان کے مطابق راولپنڈی کے رہائشی ملزم نے 120 کیپسولز پیٹ میں چھپا رکھے تھے، جب کہ ملزم کی نشاندہی پر ائیرپورٹ سے اس کا ساتھی بھی گرفتار کرلیا گیاہے۔