دہشت گردی کے ذریعے افراتفری پھیلانے والوں کو کچل دیں گے، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ریاست کسی بھی دہشت گردگروہ یاتنظیم کےسامنےنہیں جھکے گی، اور دہشت گردی کے ذریعے افراتفری پھیلانےکی مذموم کوشش کچل دیں گے۔
بنوں اور دیگر دہشت گرد کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی قومی سلامتی کا حساس مسئلہ ہے، دہشت گردی کے ذریعے افراتفری پھیلانے کی مذموم کوشش سختی سے کچل دیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریاست کسی بھی دہشت گرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی، دہشت گردوں کے ساتھ آئین اورقانون کے مطابق نمٹا جائےگا، اور ان کی بیرونی سہولت کاری اورپناہ گاہوں کا بھی سدباب کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ردالفساداورضرب عضب دہشت گردی کےخاتمےکیلئےاہم اقدامات تھے، قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ دہشت گردی کا خاتمہ کر کے رہے گی، ہم شہداء کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ امن وامان کی بنیادی ذمہ داری صوبوں کی ہے، لیکن وفاق آنکھیں بند نہیں کرسکتا، دہشت گردی کے مقابلے کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، اس کے لئے اجتماعی سوچ اور لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔