پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر
پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم شہری نامدارعلی کی درخواست پر سماعت کریں گے ۔ درخواست میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ، الیکشن کمیشن اور چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 18 دسمبر کوپرویزالہیٰ نے کہا کہ اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ عمران خان کی ہدایت پر اسمبلی تحلیل کرنا آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے۔
درخواستگزار کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی ہی تحلیل سے صرف عمران خان کو فائدہ ہوگا،معاشی صورتحال بھی الیکشن کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ استدعا ہے کہ عدالت اسمبلی کی تحلیل روکنے کے احکامات صادر فرمائے۔