کراچی کا شہری تیسری بیوی کے ہاتھوں لاکھوں روپے لٹوا بیٹھا
بشیر نامی شہری کی تیسری بیوی نے گھرکا صفایا کردیا اورفرار ہوگئی۔
کراچی کے علاقے ملیر کے رہائشی بشیر کی تیسری بیوی نے گھرکا صفایا کردیا اور فرار ہوگئی۔
حسرت و یاس کی تصویر بنے بشیر نے سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کی اور بتایا کہ دو ماہ قبل اس نے عائشہ نامی خاتون سے شادی کی تھی، لیکن چند روز بعد اس کی بیوی نے سونا اور پیسے چوری کئے اور گھر سے بھاگ گئی۔
ویڈیو میں بشیر نے شکایت کی کہ اس نے تھانے میں رپورٹ درج کرانے کی کوشش کی، لیکن پولیس والوں کا کہنا تھا کہ بیوی کے خلاف مقدمے نہیں درج کراتے۔
بشیر نے اپنی اور اپنی بیوی کی ایک ویڈیو بھی اپ لوڈ کی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون عروسی لباس میں ملبوس اپنے طور پر خوشی کا اظہار کررہی ہے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے بشیر کی درخواست پر خاتون اور اس کے والد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
بیان کے مطابق ملیر سٹی کی حدور محبت نگر کے رہائشی 46 سالہ بشیر احمد ولد عبدالشکور کی دکان پر ایک عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والا شخص جمیز جارج کام کرتا تھا، جس کی 20 سالہ بیٹی علیزہ جارج تھی، اور مذکورہ شخص نے ہی بشیر کو اپنی بیٹی سے شادی کرنے کی پیشکش کی تھی۔
بشیر کے مطابق اس نے خاتون کے والد سے کہا کہ اگر آپ کی بیٹی اسلام قبول کرلے تو میں اس سے شادی کرنے کے لئے تیار ہوں، جس پر لڑکی اور اس کے والد نے حامی بھری اور لڑکی کا اسلامی نام عائشہ رکھا گیا۔
متاثرہ شخص نے بتایا کہ اس نے شادی پر لاکھوں روپے خرچ کئے، اور زندگی کا نیا سفر شروع کیا، تاہم یہ خوشی زیادہ دیرپا ثابت نہیں ہوئی کیوں کی اس کی بیوی عائشہ شادی کے چند ہی روز بعد گھر کا صفایا کرکے والد کے ساتھ فرارہوگئی۔
بشیر کے مطابق لڑکی اپنے ساتھ 10 لاکھ روپے، زیورات اور گھر کا قیمتی سامان لے کر اپنے والد کے ہمراہ پلان کے تحت فرار ہوئی ہے۔
پولیس نے بشیر کی مفرور بیوی عائشہ اور اس کے والد کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔