صدر اور وزیراعظم کی ورلڈکپ2022 کے شاندار انعقاد پر قطرکو مبارکباد
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہبازشریف نے فٹ بال ورلڈکپ 2022 کے شاندار انعقاد پر قطرکو مبارکباد دی ہے۔
ٹویٹر پیغام میں صدر مملکت نے لکھا کہ ایک شاندار ورلڈکپ، ارجنٹینا کو فٹبال کا عالمی چیمپئن بننے پر مبارک دیتا ہوں جبکہ دوست ملک قطر کو ورلڈ کپ 2022، بغیر کسی مسئلہ کے انعقاد پر مبارکباد بھی دینا چاہتا ہوں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید لکھا کہ میچ کے دوران فرانس بھی شاندار کھیلا اور ایم باپے کی ہیٹ ٹرک لوگوں کو ہمیشہ یاد رہے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ فیفا ورلڈکپ فائنل میں ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا، قطر کو میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ فٹبال کی عالمی بادشاہت کا تاج تیسری بار ارجنٹائن کے سر پر سج گیا، ورلڈ کپ کی تاریخ کے انتہائی سنسنی خیز فائنل کا فیصلہ پینالٹی ککس کے ذریعے ہوا۔