حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا
ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرول 10 روپے اور ڈیزل ساڑھے 7 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 10 روپے فی لیٹر کی کمی کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول 224.80 سے کم ہوکر 214.80 روپے، ڈیزل 235.30 سے 227.80 روپے فی لیٹر ہوگیا جبکہ مٹی کا تیل 181.83 سے کم ہوکر 171.83 روپے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل 179 سے 169 روپے فی لیٹر پر آگیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا چاہتے ہیں، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے 16 دسمبر سے 31 دسمبر تک ہوگا۔