عمران خان نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی ایک اور تاریخ دے دی

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ 17 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ لبرٹی چوک میں پارٹی اجتماع میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی ایوان میں جاکر دوبارہ استعفے دیں گے جس کے بعد 70 فیصد ملک الیکشن موڈ میں چلا جائے گا۔ ملک کو دلدل سے نکالنے کیلئے الیکشن کےسوا کوئی حل نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ شرمناک طریقے سے بڑے ڈاکوؤں کے کیسز ختم کیے جا رہے ہیں، ہماری معیشت تباہی کی طرف جارہی ہے، معیشت اس لیے تباہ ہو رہی ہے کہ ہمارے ملک میں انصاف نہیں، بڑے ڈاکو جو مفرور تھے آج وہ واپس آرہے ہیں اور ان کے کیسزختم ہورہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جو بھی کیس چیف الیکشن کمشنر کے پاس جاتا ہے فیصلہ ہمارے خلاف آجاتا ہے، چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ہم عدالت میں گئے ہوئے ہیں اس کیس کا فیصلہ نہیں ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن سے میچ نہیں کھیلا جارہا ہے اسلیے مجھے نا اہل کروانا چاہتے ہیں، یہ الیکشن کمیشن، ایف آئی اے، نیب کو استعمال کر کے مجھے ٹیکنیکل ناک آؤٹ کروانا چاہتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اداروں کو ملک کی فکر ہے تو خدا کا واسطہ ملک کو صاف اور شفاف الیکشن کی طرف لے جائیں، اس دلدل سے نکلنے کیلئے الیکشن کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، اگرجلد الیکشن نہ ہوا توملک میں انتشارہوگا۔