اعظم سواتی کے خلاف سندھ میں تمام مقدمات ختم

آئی جی سندھ اور پراسیکیوٹر جنرل نے ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ اعظم سواتی کے خلاف صوبے میں تمام مقدمات ختم کردیئے ہیں۔

سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف سندھ میں مقدمات کے اندراج کے خلاف دائر درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ڈی آئی جی کراچی جنوبی اور دیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

آئی جی سندھ کی عدالت سے معافی

دوران سماعت آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے گزشتہ سماعت پرعدالت سے معافی طلب کی۔

غلام نبی میمن نے کہا کہ میری باتوں سےغلط تاثر گیا ہے، میں معذرت چاہتا ہوں۔

جسٹس کےکےآغا نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں اعظم سواتی کے کیسز کے بارے میں بتائیں۔

تمام مقدمات“سی“کلاس کردیے

عدالتی استفسار پر پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے بتایا کہ اعظم سواتی کےخلاف سندھ کےمختلف اضلاع میں مقدمات درج ہیں، یہ تمام مقدمات ”سی“ کلاس کردیے گئے ہیں۔

آپ مطمئن ہیں؟

پراسیکیوٹر جنرل سندھ کی ب ات عدالت نے درخواست گزار کے وکیل انور منصورخان سے استفسار کیا کہ آپ مطمئن ہیں؟۔

انور منصور خان نے کہا کہ ہم مطمئن ہیں مگر ایسے مقدمات درج کرتے ہوئے پولیس کو اپنے دماغ کا استعمال کرنا چاہیے۔

مقدمہ سی کلاس کرنےکا مطلب ؟

کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انور منصور خان نے کہا کہ پراسکیوٹر جنرل سندھ اور پولیس نےکہہ دیاہےکہ اعظم سواتی کے خلاف تمام سی کلاس کردئیےہیں، سی کلاس کا مطلب ہے یہ کیسز نہیں بنتے ہیں۔

انور منصور نےمزید کہا کہ میں نے عدالت عالیہ کے روبرو نکتہ اٹھایا کہ ان کیسز کو عدالتی طریقہ کار سےختم کیا جائے، مطلب یہ ہےکہ وہ کیسز متعلقہ جوڈیشل مجسٹریٹ سے ہی ختم کیے جائیں گے، پولیس جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں سی کلاس کی رپورٹ پیش کرےگی، جس کے بعد مقدمات ختم ہوجائیں گے اور یہ مقدمات دربارہ نہیں چل پائیں گے۔