چیف جسٹس مراد سعید کے خط کا نوٹس لیں، عمران خان کی اپیل
رہنما تحریک انصاف مراد سعید کی جان کو لاحق خطرات سے متعلق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کی اپیل کردی۔
ٹویٹر پیغام میں مراد سعید کی جانب سے اپنی جان کو لاحق خطرات سے متعلق صدر مملکت کو لکھے گئے خط پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے درخواست کروں گا کہ وہ مراد سعید کی خط کا نوٹس لیں اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔
خیال رہے کہ صدر مملکت کے نام خط میں مراد سعید نے مشکوک افراد کے تعاقب اور دھمکیوں کی تفصیلات دیں اور کہا کہ میں موت سے ڈرتا نہیں اور حق بات کہتا رہوں گا۔
خط کے متن کے مطابق میرے خلاف جھوٹے مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے، اگست سے اب تک مجھے جان سے مارنے کی کئی دفعہ منصوبہ بندی کی گئی اور مجھے حکام کی جانب سے بار بار بتایا گیا کہ میری جان کو خطرہ ہے۔ مراد سعید نے خط میں مطالبہ کیا کہ صدر مملکت معاملے پر نوٹس اور ضروری ایکشن لیں۔
دوسری جانب سماء سے گفتگو میں وزیرداخلہ راناثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان پرحملہ ایک مذہبی انتہاپسند نےکیاتھا، عمران خان پرحملےمیں کوئی سازش نہیں ہے جبکہ مرادسعید کی جان کوبھی کوئی خطرہ نہیں ہے۔