اسمبلیوں کی تحلیل غیرآئینی، جو اسمبلی ٹوٹی اسی کا الیکشن ہوگا، رانا ثناء

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے واضح کیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کی تحلیل غیر آئینی عمل ہوگا، جو اسمبلی ٹوٹے گی اس کا ہی الیکشن ہوگا، جیسا عمران خان چاہتے ہیں ویسا الیکشن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا الیکشن 65 فیصد پاکستان کے انتخابات کا فیصلہ ہوگا، جو پارٹی پنجاب میں حکومت بنائے گی وہی اکتوبر 2023ء میں کامیاب ہوگی، تیاریاں شروع کردیں، الیکشن کو نواز شریف لیڈ کرینگے۔

طلعت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن پنجاب کی ذمہ داری میرے اوپر ہے، فیصلہ ہوا ہے کہ ورکرز کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کنونشنز ہوں، ورکرز کو متحرک کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، کل سیالکوٹ، راولپنڈی اور مردان میں ورکرز کنونشنز ہوئے، رواں ہفتے میں باقی ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں کنونشنز ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی کے الیکشنز کی تیاری کے سلسلے میں کنونشنز ہورہے ہیں، نواز شریف کی متوقع واپسی پر بھی یہ کنونشنز ہورہے ہیں، اگر اسمبلی ٹوٹتی ہے تو آئینی تقاضہ ہے کہ الیکشن ہو۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کی تحلیل غیرآئینی عمل ہوگا، ہم اس غیر جمہوری عمل کا حصہ نہیں ہوں گے، جو الیکشن عمران خان چاہتے ہیں وہ نہیں ہوں گے، جو اسمبلی ٹوٹے گی اس کا ہی الیکشن ہوگا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اگر یہ صوبوں میں بھی قومی اسمبلی کی طرح چلے گئے تو ضمنی الیکشن ہوسکتا ہے، دیکھنا ہوگا اسمبلی توڑنے پر پرویز الٰہی کتنی ہمت دکھاتے ہیں، اس وقت وہ اسمبلی توڑنے پر راضی نہیں ہے مگر وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس کوئی راستہ نہیں، پرویز الٰہی ہمارے ساتھ عہد و پیماں کرکے تبدیل ہوئے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران جلسوں، لانگ مارچ کی ناکامی پر اسمبلیاں توڑنا چاہتے ہیں، عدم اعتماد کی تحریک اور گورنر سے ایڈوائز ہمارے پیش نظر ہیں، عدم اعتماد پر سپریم کورٹ کا فیصلہ مشکل کا باعث ہے، عدالتی حکم پر ووٹ ڈالا جائے تو بندہ بھی ڈی سیٹ ہوگا ووٹ بھی نہیں گنا جائے گا۔

رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ اگر چوہدری پرویز الٰہی نے گورنر کو کہا ایڈوائز بھیجیں اور اس پر راستہ نکالتے ہیں تو پھر سوچا جاسکتا ہے، پرویز الٰہی کے پاس 10 ایم پی ایز ہیں، اگر 10 سے 15 آدمی ہماری طرف آئیں تو حکومت بنانے کے حوالے سے ری ایڈجسٹمنٹ پر کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کا الیکشن 65 فیصد پاکستان کے انتخابات کا فیصلہ ہوگا، یہ الیکشن اگلے اکتوبر میں ہونیوالے الیکشن کا بھی فیصلہ کردے گا، جو پارٹی پنجاب میں حکومت بنائے گی وہی اکتوبر میں کامیاب ہوگی، ہم نے تیاریاں شروع کردیں، الیکشن کو نوازشریف لیڈ کرینگے۔

ان کا کہنا ہے کہ قومی مفاد میں پی ڈی ایم اور ن لیگ ہر حد تک جانے کو تیار ہیں، پسند ناپسند اپنی جگہ مگر سب کے ساتھ بات کرنا پڑے گی، عمران خان کے نزدیک پاکستان کا وجود اس میں ہے کہ اسے اقتدار ملے، عمران خان توشہ خانہ کا چور ثابت ہوا ہے، عمران خان نے کئی بار کہا کہ مجھے قتل کردیا جائے گا، ان پر حملہ ایک مذہبی انتہاء پسند نے کیا، اس میں کوئی سازش نہیں ہے۔

وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ مراد سعید کی جان کو کوئی خطرہ نہیں، ارشد شریف کی جان کو بھی کوئی خطرہ نہیں تھا، ان کیلئے جاری ہونے والا تھریٹ الرٹ فرمائشی تھا، ارشد شریف کا کینیا جانا اس واقعے کا سبب بنا، کینیا کی پولیس نے غلطی سے فائر کا اعتراف کرلیا، حالات و واقعات بتارہے ہیں کہ ارشد شریف کی ٹارگٹ کلنگ ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینیا پولیس کے اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج نہیں کرسکتے، خرم اور وقار کیخلاف مقدمہ پاکستانی ہونے پر درج کیا، انہیں کینیا سے واپس لانا اتنا آسان نہیں، جے آئی ٹی تحقیقات کرے گی۔

وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کے معاملے پر عدالت فیصلہ کریگی مگر ٹوئٹ انہوں نے خود کیا، اعظم سواتی ان ٹوئٹس کو تسلیم کرتے ہیں، ہائیکورٹ کے جج نے بھی کہا شہباز گل کا بیان ناقابل قبول ہے مگر میں ضمانت دے رہا ہوں۔