سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنما بھی موجود تھے۔

عدالت عالیہ نے سلیمان شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 14 روز میں متعلقہ عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

##حساب کا وقت آگیا

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے سلیمان شہباز نے کہا کہ عمران خان نے جو قرضے لئے ان کا حساب دیں، وہ دوست ممالک سے ملی گھڑیاں بیچتے رہے، وہ گھڑی کی رسیدیں لائے، حساب کا وقت آگیا،سزا ملنے تک ہم پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔

سلیمان شہباز نے مزید کہا کہ سائفر پر اس نے پہلے امریکا کیخلاف بات کی پھر پاؤں پڑ گیا، اسے 190 ملین پاؤنڈ کے ڈاکے اور ٹیریان خان کیس کا بھی جواب دینا ہے، کہاں ہے آج جاوید اقبال اور کہاں ہے شہزاد اکبر؟۔

سلیمان شہباز پر الزام کیا ہے؟

سلیمان شہباز، ان کے بھائی حمزہ شہباز اور والد شہباز شریف کے خلاف لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت میں 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ زیر سماعت ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے نومبر 2020 میں شہباز شریف اور ان کے بیٹوں حمزہ اور سلیمان کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 419، 420، 468، 471، 34 اور 109 اور اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعہ 3/4 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

متعلقہ عدالت نے رواں برس 15 جولائی کو سلیمان شہباز اشتہاری قرار دیا تھا۔ 4 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد وہ زند روز قبل واپس لوٹے تھے۔

وطن واپسی سے قبل ہی سلیمان شہباز نے اسلام آباد میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دفائر کرائی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو وطن واپسی پر انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔

عدالت عالیہ نے شہباز شریف کو 13 دسمبر کو عدالت میں سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔