آزاد جموں کشمیر کے تین میڈیکل کالجز کی ۳۳۰ نشستوں کیلیے سال اوّل کے داخلوں کیلیے حفاظ قرآن کا ٹیسٹ

آج مورخہ 12 دسمبر2022 بروز سوموار آزاد جموں کشمیر کے تین میڈیکل کالجز میں سال اوّل داخلے کیلیے حفاظ قرآن کا ٹیسٹ ہوا۔ اس دفعہ پورٹل پر 2116 بچوں نے اپلائی کیا جس میں تقریباً پچاس حافظ قرآن طلبا و طالبات بھی شامل ہیں ۔ ان بچوں کا تعلق پورے آزاد جموں کشمیر سے ہے۔ طالبات کی تعداد زیادہ تھی ان پچاس بچوں میں 27 طالبات اور 23 طلباءتھے۔ اور تمام بچیوں کوقرآن مجید لڑکوں کی نسبت زیادہ یاد تھا اور تلفظ میں بھی بچیاں پہلے نمبر پر رہیں۔ کچھ طلباء بھی بہت اچھے حافظ تھے مگر طالبات نے اپنی برتری قائم رکھی

کمیٹی کے ممبران ڈائریکٹر مذہبی امور جناب مفتی حافظ نذیر احمد اور تحصیل مظفر آباد مفتی کریم اللہ تھے اور پروفیسر ملازم حسین بخاری چیئرمین تھے ۔اس ٹیسٹ کے بیس نمبر تھے اور ہر حافظ کی میرٹ لسٹ میں ان نمبروں کی شمولیت کی جائیگی ۔تقریباً دس بجے ٹیسٹ کا آغاز کیا گیا سب سے پہلے بچوں کی حاضری کروائی گئی اس کے بعد ان کے شناختی کارڈز سے ان کی تصدیق کی گئی۔

آج چونکہ ایم بی بی ایس سال اوّل کے داخلوں کیلیے حفاظ قرآن کا ٹیسٹ نمز NUMS میں بھی ہو رہا تھا اس لیے سیکریٹری صحت عامہ کی ہدایت پر پورا دن(شام چار بجے تک) ٹیسٹ جاری رہے گا تاکہ بچے دونوں طرف شمولیت کر سکیں ۔جو بچے اس ٹیسٹ میں کامیاب قرار پائیں گے ان کے میرٹ میں بیس نمبر شامل کر دئے جائیں گے اور فائنل لسٹ 23 دسمبر تک لگا دی جائیگی۔

چیئرمین جائنٹ ایڈمشن کمیٹی

آزاد جموں کشمیر میڈیکل کالج

مظفر آباد