بھارت کا نابینا کرکٹ ٹیم کو ویزا دینے سے انکار پر پاکستان کا ردعمل

پاکستان نے بھارت کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے قومی نابینا کرکٹ ٹیم کو ویزا دینے سے انکار پر تاسف کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ورلڈ کپ 5 سے 17 دسمبر 2022 تک بھارت میں کھیلا جارہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایونٹ میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو بھی شرکت کرنی تھی لیکن بھارت نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ویزا ہی جاری نہیں کیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی فیصلے سے پاکستانی کھلاڑی اہم ایونٹ سے محروم ہوجائیں گے۔

بھارت کا پاکستانی بلائنڈ ٹیم کو ویزے دینے سے انکار

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی فیصلے پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں پر سیاست نہیں ہونی چاہئے، پاکستان کے تحفظات سے ہندوستانی حکومت کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان بلائنڈ ورلڈ کپ میں فیورٹ ٹیم تصور کی جارہی تھی کیونکہ کیونکہ پاکستان اس فارمیٹ کے پہلے دو ایڈیشنز (2012 اور 2017) میں دو مرتبہ رنر اپ رہ چکا ہے۔