کراچی؛ الخدمت کے بنو قابل انٹری ٹیسٹ میں ہزاروں طالبات کی شرکت
جماعت اسلامی کی فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت باغ جناح کراچی میں بنو قابل ایپٹیٹیوٹ ٹیسٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں طالبات نے شرکت کی۔
لڑکیوں کو ویب ڈویلیپمنٹ، ویب ڈیزائننگ، ایمزون اور آئی ٹی کے دیگر مفت کورسز کروانے کیلئے ٹیسٹ لیا گیا، اس سے قبل پہلے مرحلے میں 50 ہزار نوجوان لڑکوں کا ٹیسٹ لیا گیا تھا۔

ٹی وی آرٹسٹ ایاز خان، شفاعت حسین، زیبا شہناز، معروف اینکر پرسن ڈاکٹر شائستہ لودھی نے بھی الخدمت کے اس ایونٹ میں شرکت کرکے بنو قابل پروگرام کی تعریف کی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ٹیسٹ دینے والی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کا میئر آیا تو تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کریں گے، کے ایم سی کے اسکولوں میں آئی ٹی کی تعلیم دی جائے گی۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا آئی ٹی منسٹر کراچی سے ہیں لیکن یہاں اس حوالے سے کوئی کام نہیں ہوا، بنوقابل پروگرام کے بعد لعن طعن ہوئی توآئی ٹی پارک کاافتتاح کردیا گیا جس کے پہلے نہ جانے کتنے افتتاح ہوچکے ہوں گے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ بنوقابل زبردست پلان ہے جس سے ہم بچوں کوآگے بڑھاسکتے ہیں، فری لانسنگ کے ذریعے گھر بیٹھے نوجوان کام کرسکتے ہیں۔