سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمرجاوید باجوہ نے ڈبل گيم نہيں کھيلی، وزیراعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ جاتے جاتے اللہ نے ہمارا راستہ تبدیل کر دیا اور راستہ دکھانے کے لیے باجوہ صاحب کو بھیج دیا۔ باجوہ صاحب نے کہا عمران خان کا راستہ آپ کيلئے بہتر ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ میں نے باجوہ صاحب سے بات کی کہ شریف برادران سے ہمیں یہ خطرات ہیں، اُن کا اعتبار نہیں ہے، انھوں نے کہا کہ آپ سوچ کر چلیں۔ آپ اور آپ کے دوستوں کے لیے عمران خان والا راستہ زیادہ بہتر ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے وقت مونس الہی کی نیت بھی یہی تھی کہ تحریک انصاف کے ساتھ چلا جائے۔ جنرل باجوہ نے کوئی ڈبل گيم نہيں کھيلی۔
اسمبلی توڑنے سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جب میں نے وزارت اعلیٰ کا حلف لیا تو اس وقت کہا تھا کہ اگر عمران خان نے کہا تو ایک منٹ نہیں لگاؤں گا، اسمبلی توڑ دوں گا اور اب بھی یہی کہتا ہوں۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ شریفوں کو سزا ملے گی اور لگتا ہے کہ عمران خان نے ہی انہیں سزا دینی ہے، اللہ نے عمران خان کی شکل میں ایک بندہ بھیجا ہے جو ان کے برے کام یاد کراتا رہتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا ایف آئی آر کے معاملے پر عمران خان کو کہا آپ آئین پڑھیں، اس لیول کے افسران پر مقدمہ نہیں ہو سکتا۔ اب اس معاملے پر چيزيں سيٹل ہو گئی ہيں۔