شہباز گل کے خلاف فرد جرم کی کارروائی 12 دسمبر تک مؤخر

تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے خلاف فرد جرم کی کارروائی 12 دسمبر تک مؤخر کردی گئی۔

عمران خان کے سابق چیف آف اسٹاف اور اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے مقدمے کے ملزم تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل اور عماد يوسف پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔

بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کرنے کے لئے ایڈیشنل سیشن جج ارشد محمود نے بطور ڈیوٹی جج سماعت کی، تاہم شہبازگل اور عماد یوسف عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

شہبازگل اور عماد یوسف کے وکیل نے دونوں ملزمان کی حاضری سے استثنا کی درخواستیں پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ شہباز گل دمہ کے مریض اور آج بیمار ہیں، اس لئے عدالت پیش نہیں ہو سکتے، جب کہ عماد یوسف نے کراچی سے آنا تھا لیکن انہیں فلائٹ کا ٹکٹ نہیں مل سکا۔

عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز گل کے خلاف فرد جرم کی کارروائی 12 دسمبر تک مؤخر کردی۔