لکھ کردیتا ہوں عمران خان پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی سے مستعفی نہیں ہوں گے،بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لکھ کر دیتا ہوں عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی سے مستعفیٰ نہیں ہوں گے۔
کراچی میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج نشتر پارک کراچی کے شہریوں اور جیالوں سے بھرا ہوا ہے، پیپلز پارٹی وفاق کی جماعت ہے تو پھر کراچی کی بھی جماعت ہے، ہمارا بھی حق ہے کہ کراچی کے میئر کا انتخاب کریں،ہم کراچی اور اس ملک کی قسمت بدل دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک جنگ ہارنے کے بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کی قیادت سنبھالی، انہوں نے ایک ہاری ہوئی قوم اور ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کر دیا، 90 ہزار جنگی قیدیوں کی واپسی ممکن بنوائی، وہ ملک کو آپس میں نہیں لڑواتے تھے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم اپنی ذات کیلئے نہیں اپنے عوام اور ملک کیلئے سیاست کرتے ہیں، ہم نے جئے بھٹو کا نعرہ لگاتے ہوئے3 آمروں کو بھگایا، ہم نے پرویز مشرف کی آمریت ختم کی اور سلیکٹڈ راج کو بھی خداحافظ کہہ دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس سے بچنے کے لیے انتشار پھیلایا جارہا ہے، اپنی گھڑی چوری چھپانے کے لئے انتشار کی سیاست پھیلائی جا رہی ہے۔ ادارے اپنی غلطیاں مان چکے ہیں کہ اب وہ سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے، اداروں کے بیان کے بعد سلیکٹڈ پریشان ہوگئے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان نے شوشا چھوڑا کہ میں استعفیٰ دے رہا ہوں، استعفوں کااعلان بھی دھوکا ہے، لکھ کر دیتا ہوٓں یہ پنجاب اور پختونخوا سے استعفے نہیں دیں گے۔ اگر استعفیٰ دینا ہے تو دے دو پیپلز پارٹی مقابلے کے لئے تیار ہے، ہم استعفوں سے نہیں ڈرتے۔