حکمران اتحاد نے پنجاب اسمبلی بچانے کےلیے سرجوڑ لیے

پنجاب اسمبلی بچانے کےلئے مسلم لیگ (ن) نے ہوم ورک مکمل کرلیا۔

وفاقی وزراء راناثناءاللہ، ایازصادق اور سعدرفیق نے زرداری ہاؤس میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے۔

آصف علی زرداری سے مسلم لیگ (ن) کے وفد نے طویل ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد، گورنرراج سمیت تمام ممکنہ آپشنز پرتبادلہ خیال کیا۔

لیگی وفد سے ملاقات کے بعد آصف علی زرداری نے اسپیکر قومی اسمبلی پرویزاشرف کو طلب کرلیا۔ آصف علی زرداری سے اسپیکر راجہ پرویزاشرف نے بھی ملاقات کی اور پنجاب کی صورتحال اور پی ٹی آئی ایم این ایز کے استعفوں کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ 20 مارچ سے قبل پنجاب میں نئے انتخابات ہو جائیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اور تحریک انصاف عدم اعتماد سمیت نون لیگ کے ہر وار کیلئے تیار ہے۔ دونوں صورتوں میں صوبے میں فوری ووٹنگ کروا کرتحریکیں ناکام بنا دی جائیں گی۔