اقامت دین کی ذمہ داری سعادت بھی ہے اور آزمائش بھی ۔ہم جس مشن کو لے کر اٹھے ہیں وہ ایک عظیم مشن ہے.

اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کرنا ہمارا نصب العین ہے۔ دردانہ صدیقی

راولپنڈی ( پ ر) جماعت اسلامی کی تربیت گاہیں فکر و عمل کی اصلاح کا بہترین ذریعہ ہیں۔اللہ تعالیٰ کا انتہائی احسان ہے کہ اس نے ہمیں ، ہمارے مقصد حیات کا شعور عطا فرمایا اور پھر اس مقصد کی ادائیگی کے لئے اس عظیم اجتماعیت سے وابستہ کر دیا۔ یہ تر بیت گاہ اللہ کے دین کے غلبے کے لئے اپنی جان و مال ، وقت اور صلاحیت کی تربیت و رہنمائی کا اہم ذریعہ ثابت ہو گی ۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے صوبہ سندھ کے تحت ضلع حیدرآباد میں ہونے والی سہ روزہ تربیت گاہ کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت کی ذمہ داری سعادت بھی ہے اور آزمائش بھی ۔ہم جس مشن کو لے کر اٹھے ہیں وہ ایک عظیم مشن ہے یہ کام انبیاء ، صدیقین اور صالحین کا کام ہے ۔ جماعت اسلامی کا مقصد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضہ کے اخلاق و کردار کے نمونے کو لے کر معاشرے کی اصلاح کرنا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کا انتہائی احسان ہے کہ اس نے ہمیں مقصد حیات کا شعور عطا فرمایا اور اس مقصد کی ادائیگی کے لئے جماعت اسلامی جیسی عظیم اجتماعیت سے وابستہ کر دیا ۔ تعمیر و تطہیر افکار، تربیت ،اصلاح معاشرہ اور اصلاح حکومت ہماری دعوت کے اہم نکات ہیں ۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں پوشیدہ ہے ۔اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے وطن میں ٹرانس جینڈر ایکٹ جیسے غیر اسلامی بل کو پاس کر کے اس ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔جماعت اسلامی اس بل کے خلاف آواز اٹھانے میں پیش پیش ہے۔ ہم پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔نہ صرف اقامت دین ہمارا مشن ہے بلکہ وطن عزیز کو مسائل کے بحران سے نکالنے کے لئے بھی جماعت اسلامی تگ و دو کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا نظام بندوں کے درد کا درماں ہے۔اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کرنا ہمارا نصب العین ہے اور اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان کا حصول اس نصب العین کی تکمیل کا ایجنڈا ہے۔
تربیت گاہ میں سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی دردانہ صدیقی ،ڈپٹی سیکریٹریز تسنیم معظم، عطیہ نثار، ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب اور دیگر ذمہ داران کے علاوہ صوبے بھر سے ارکان ،امیدواران اور ناظمات نے شرکت کی