آزاد کشمیر: بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے غیر حتمی نتائج
آزادکشمیر میں 31 سال بعد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے مرحلے میں مظفر آباد کے 3 اضلاع میں پولنگ کے بعد گنتی کا عمل جاری ہے۔
مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع نیلم، مظفرآباد اور جہلم ویلی میں پہلے مرحلے میں ہونے والے الیکشن کے بعد غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔
غیرحتمی نتائج کے مطابق 594 میں سے 81 نشستوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے ہیں۔
غیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف اور ن لیگ کے 24 ،24 جبکہ پیپلزپارٹی کے7 امیدوار کامیاب ہوگئے۔ 12آزاد امیدواروں نے بھی نشستیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ 614 نشستوں میں سے 19 کونسلرز بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ 595 نشستوں پر 31 خواتین سمیت 2 ہزار 750 امیدوار میدان میں ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع نیلم، مظفرآباد اور جہلم ویلی میں کل 6 لاکھ 97 ہزار 732 ووٹرز ہیں، جن میں سے خواتین ووٹرز کے تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 536 ہے۔
بلدیاتی انتخابات میں تقریباً 2 ہزار 716 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں زیادہ تر تعلق پاکستان تحریک انصاف اورپاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے۔
حکام کے مطابق کہ ایک ہزار 323 پولنگ اسٹیشن میں سے 418 حساس اور 257 انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جہاں بالترتیب 3 اور5 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے تاہم دیگر پولنگ اسٹیشن پر2 پولیس اہلکار تعینات ہوتے ہیں۔

شدید سرد موسم کے باوجود ٹرن آؤٹ مثالی رہا
آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے ہونیوالی پولنگ مجموعی طور پر پر امن ماحول میں ہوئی۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ شدید سرد موسم کے باوجود ٹرن آؤٹ مثالی رہا۔
آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی انتخابات کے کامیابی انعقاد پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو سراہا۔ کہا اعلیٰ عدلیہ کے مثالی کردار کی وجہ سے 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن ہوا۔