ڈی سی راولپنڈی کی پی ٹی آئی کو جلسے کی مشروط اجازت

ڈپٹی کمشنر ( ڈی سی ) راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جمعہ 25 نومبر کو فیض آباد کے قریب جلسے کی مشروط اجازت دیدی ہے۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) راولپنڈی نے 56 شرائط کے ساتھ ایک دن کے جلسے کی اجازت دی ہے، انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی 27 نومبر کو آمد کے پیش نظر 26 کی رات جلسہ گاہ خالی کرنا ہوگا۔

نوٹفکیشن کے مطابق عمران خان کو جان کے لاحق خطرات کے پیش نظر جلسہ گاہ میں آمد اور روانگی مقررہ روٹس کے علاوہ نہیں ہوگی، جب کہ اسٹیج پر بلٹ بروف روسٹرم رکھنے کے بھی احکامات دیئے گئے ہیں، جلسے کے دوران اسلحہ کی نمائش، عدلیہ اور دیگر اداروں کے خلاف تقاریر نہیں ہونگی۔

ڈی سی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ مذہبی جذبات ابھارنے اور کسی گروہ کے خلاف بات نہیں ہوگی، لاؤڈ اسپیکر کا مخصوص وقت میں ہی استعمال ہوگا، عوام کی آمد و رفت کے دوران تلاشی ہوگی، اسٹیج پر موجود مقررین کے نام اور دیگر تفصیلات سے قبل ازوقت انتظامیہ کو آگاہ کرنا ہوگا۔

مزید برآں عمران خان جلسے میں سن روف والی گاڑی استعمال نہیں کریں گے، جب کہ پی ٹی آئی چیئرمین انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کا طے شدہ راستہ استعمال کریں گے۔ اس سلسلے میں راول پنڈی پولیس کو جلسے کیلئے سیکیورٹی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

جلسے کے دوران کسی بھی جانی نقصان کی ذمے دار جلسہ انتظامیہ ہوگی۔ جلسہ ختم ہونے کے بعد کوئی بھی کارکن علامہ اقبال پارک میں نہیں رُکے گا۔