صدر مملکت تعیناتی کی سمری پر مجھ سے مشورہ کریں گے، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے سمری پر صدر مملکت مجھ سے بات کریں گے۔
ٹی وی انٹرویو میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اہم تقرری کی سمری سے متعلق صدر سے رابطے میں ہوں اور سمری سے متعلق صدر مجھ سے مشاورت کریں گے۔ صدر کے ساتھ مل کر آئینی دائرے میں کھیلے گے۔
عمران خان نے کہا کہ اہم تقرری پر وزیراعظم ایک مفرور کے پاس پوچھنے کیلئے جاتا ہے میں تو اپنی پارٹی کا سربراہ ہوں تو صدر میرے سے ضرور بات کریں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جو میرٹ پر بہترین ہے اسے آرمی چیف بننا چاہئے، مجھے کون سے اپنے کرپشن کیسز ختم کرنے ہیں یا الیکشن جیتنے کیلئے ان کی مدد چاہی مگر نواز شریف کی نیت پر شک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی سمجھتا ہے اپنا آرمی چیف لاکر ہمیں مار پڑوائے گا تو قوم اس کیخلاف کھڑی ہوگی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کا ایک ہی حل ہے کہ صاف اور شفاف الیکشن، قانون کی حکمرانی کے بغیر پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں، سیاسی استحکام سے ہی ملک کو بچایا جا سکتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان 88 فیصد رسک پر چلا گیا ہے، انہوں نے ایسا قانون بنا دیا کہ وائٹ کالر کرائم کرنے والوں کو پکڑا نہیں جا سکے گا، عوام کا سمندر بتائے گا پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ چھوٹا سا ٹولہ قانون سے بالا ہو جائے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں نے جون میں ہی بتا دیا تھا کہ میرے کو مارنے کا منصوبہ بند کمروں میں بنایا گیا تھا میں نے ویڈیو بھی بنا کر رکھ دی تھی۔